جعلی دھندے کرنے والی آئی ٹی کمپنی بند

May 28, 2023

کراچی(اسد ابن حسن) قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ایک کراچی میں واقع آئی ٹی کمپنی کے تین اہم ملازمین کو تحویل میں لینے اور اس کے مالک کے زیر زمین روپوشی کے بعد مذکورہ کمپنی نے اپنا "اپریشن" بند کر دیا ہے۔ بلڈنگ کے مرکزی گیٹ پر باہر سے قفل لگا دیا گیا ہے اور اندر سے گارڈ جواب دیتے ہیں کہ "کام بند ہے"۔ تفصیلات کے مطابق ماضی میں ایک بد نام زمانہ آئی ٹی کمپنی غیر قانونی دھندوں میں ملوث پائی گئی تھی۔ ان دھندوں کی وجہ سے پاکستان کی بہت بدنامی ہوئی اور اس کمپنی کے خلاف مقدمات درج ہوئے، کمپنی کا مالک اور کئی ملازمین گرفتار ہوئے۔ مقدمات چلتے رہے اور اسی دوران کمپنی کے مالک نے اپنی مذکورہ کمپنی کا لوگو ہٹا کر ڈیفنس میں واقع اسی بلڈنگ میں ایک نئے کمپنی کی بنیاد رکھتے ہوئے اپنی بلڈنگ میں نیا لوگو لگا دیا۔ یہ نئی کمپنی بھی دوبارہ غیرقانونی دھندوں میں ملوث ہوگئی۔ اس نئی کمپنی کے 99فیصد ملازمین وہی رہے جو پرانی والی کمپنی میں کام کرتے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس نئی کمپنی پر بھی نظر رکھے ہوئے تھے اور مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھا کر رہے تھے۔ چشم کشا معلومات حاصل کرنے کے بعد ایک قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے مذکورہ آئی ٹی کمپنی کے اہم ملازم کو تقریبا چار ماہ قبل اپنی تحویل میں لے لیا۔