PIA کا قبل از حج آپریشن، 9 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا

May 28, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کا قبل ازحج آپریشن،27مئی کی صبح تک33پروازوں کے ذریعے9ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا ہے، قبل از حج آپریشن 22جون کو مکمل ہو گا،ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے743 کے ذریعے 327عازمین حج مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئے۔ لاہور ائر پورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی ، جنرل مینیجر پسنجر ہینڈلنگ سید ذوالقرنین مہدی، ڈسٹرکٹ مینیجر ظہیر الدین، سٹیشن مینجر علی عباس شاہ اور سینئر آفیشلز نے عازمین حج کو رخصت کیا۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ لاہور سے 41خصوصی اور شیڈول پروازوں کے ذریعے گیارہ ہزار سے زائد عازمین حج کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچایا جائے گا۔