سربیا نے فوج کو کوسوو کے خلاف تیار رہنے کا حکم دے دیا

May 29, 2023

بلغراد( نیوز ڈیسک) سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچچ نے فوج کو کوسوو کی جانب سے پیش قدمی کا حکم دے دیا۔ خبررساںاداروں کے مطابق سربیا کے صدر کی جانب سے یہ فیصلہ پڑوسی ملک کوسوو میں سرب شہریوں کے اکثریتی قصبے زویکن میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران سامنے آیا ہے۔سربیا کے وزیر دفاع میلوس ووسیوچ نے براہ راست ٹی وی نشریات میں کہا کہ کوسوو کی سرحد پر فوری طور پر فوجی نقل و حرکت کا حکم دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوسوو میں سربوں کے خلاف دہشت گردی ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ سرب شہریوں کے اکثریتی قصبے زویکن میں نئے منتخب کردہ البانوی میئر کو لے کر مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین میئر کو انتخابات کے بعد اپنے دفتر میں داخل ہونے سے روک رہے تھے جس کا انہوں نے بائیکاٹ کیا تھا۔ پولیس نے میونسپلٹی کی عمارت کے سامنے سے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے مظاہرین پر آنسو گیس شیلنگ کی۔ زویکن سمیت چار شمالی کوسوو میونسپلٹیوں میں رہنے والے تقریباً 50ہزار سربوں نے احتجاجاً 23 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کی خودمختاری کے مطالبات پورے نہیں کیے ہیں۔