امریکا نے سوڈانی تنازع کا الزام روس کے سر تھوپ دیا، نئی پابندیاں بھی عائد

May 30, 2023

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے واگنر گروپ نے حال ہی میں سوڈان کی ریپڈ سپورٹ فورسز کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فراہم کیے ہیں۔ امریکا نے روسی کرائے کے فوجی گروپ کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے ایک بیان میں کہاکہ روس طویل مسلح تصادم میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کا نتیجہ خطے میں مزید افراتفری کے سوا کچھ نہیں ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ یہ گروپ روس کے لیے افریقا، خاص طور پر مالی سے ہتھیار منگوانے کی کوشش کر رہا ہے۔ واشنگٹن نے واگنر گروپ پر کئی افریقی ممالک میں مداخلت اور عدم استحکام کا الزام عائد کیا ۔ اس دوران ان ممالک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا گیا اور قدرتی وسائل کو بھی استعمال کیا گیا ۔ محکمہ خزانہ نے بیان میں کہا کہ روس کی فوج میدان جنگ میں مشکلات کا شکار ہے، پیوٹن اپنی پسند کی جنگ جاری رکھنے کے لیے واگنر گروپ پر انحصار کررہے ہیں۔ امریکا اور سعودی عرب کی ثالثی میں ہونے والی نازک جنگ بندی سے تشدد میں کمی دیکھی گئی ہے لیکن صورت حال انتہائی مخدوش ہے۔ واضح رہے کہ سوڈان کی فوج اور ریپڈ اسپورٹ فورس کئی ہفتوں سے جھڑپوں میں مصروف ہیں کیونکہ دونوں فریق حکومت پر کنٹرول کے لیے لڑ رہے ہیں۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے امدادی قافلے پر حملے کی وجہ سے جنوبی سوڈان میں انسانی امداد کی کارروائیاں معطل کر دی ہیں اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ڈبلیو ایف پی کے امدادی قافلے پر 23 مئی کو حملہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حملہ ایک موٹرسائیکل گروپ نے کیا۔ اس دوران جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے آفس کے سامنے 5امدادی ٹرکوں کو لوٹ لیا گیا، جن میں 100اقسام کی اجناس موجود تھیں۔