اسلام آباد، اسپیشل بچوں کے اسکول میں کمسن طلبہ پر تشدد، مقدمہ درج

May 30, 2023

اسلا م آباد (این این آئی) نجی اسکول میں خصوصی بچے پر تشدد کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن ٹو میں واقع اسپیشل بچوں کے سینٹر میں بچوں پر مبینہ تشدد کا انکشاف ہوا ہے۔متاثرہ بچے کے والد کے مطابق 6سالہ کعب گزشتہ 18ماہ سے اسکول کے بورڈنگ ہاس میں رہائش پذیر ہے، اسکول انتظامیہ نے 6سالہ بچے کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد برہنہ ویڈیو بناکر یوٹیوب پر اپ لوڈ کی جبکہ بچے کے جسم کو سگریٹ سے داغا گیا۔انکشاف ہوا ہے کہ نجی اسکول متاثرہ بچے کے والدین سے ماہانہ تین لاکھ روپے فیس کی مد میں وصول کرتا رہا۔آئی نائن پولیس نے میڈیکل رپورٹ کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے ، مقدمے میں تشدد اور چائلڈ پورنو گرافی کی دفعات شامل ہیں، پولیس کے مطابق ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔