اسلام آباد (فخر درانی) پنجاب کی 9ارب روپے مالیت کی جنگلاتی زمین واگزار، 5 کروڑ درخت لگائے گئے۔ 75فیصد سے زیادہ جنگلاتی زمین جنوبی علاقے میں واگزار کرائی گئی، 50 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر شجرکاری، 8 لاکھ ایکڑ جنگلات کا ڈیجیٹل ریکارڈ، 3 کروڑ درخت جیو ٹیگ، مری میں جنگلاتی آگ سے نقصانات میں 85 فیصد کمی، محکمہ جنگلات کی 8 ارب کے وزیراعلیٰ پلانٹ فار پاکستان پروگرام کی بھی اطلاع، لاکھوں نئے پودے لگائے جائیں گے۔ پنجاب کے محکمہ جنگلات کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران تجاوزات اور غیر قانونی قبضے سے 1,984.62 ایکڑ جنگلاتی زمین واگزار کرائی گئی، جس کی مالیت تقریباً 9 ارب روپے ہے۔ اسی عرصے کے دوران جنگلات کی بحالی کے پروگرام کے تحت 50,869 ایکڑ رقبے پر 5 کروڑ سے زائد درخت لگائے گئے۔