کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرجانی ٹاؤن میں گھر سے ماں اور اس کے 3 معصوم بچوں کے لرزہ خیز قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جاں بحق ماں اور تینوں بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔ پولیس سرجن کے مطابق جاں بحق ماں اور بچوں کو سر اور دماغ پر متعدد شدید نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور شدید ضرب کے باعث دماغی ٹشوز کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق قتل انتہائی مہارت سے کیا گیا اور شواہد چھپانے کی کوشش کی گئی، تاحال آلہ قتل نہیں ملا، پولیس نے مقتول بچوں کے دادا محمد یامین کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ سرجانی ٹاؤن سیکٹر D-7 مکان نمبرL186 سے 34 سالہ مہوش زوجہ دانش اور اس کے 2 بچوں 6 سالہ حسنین اور 8 سالہ مرحہ کا قتل اور ڈھائی سالہ اشمیرہ کا دوران علاج دم توڑ جانا شامل ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق لاشوں سے سیمپل لے کر کیمیکل ایگزامن کے لیے بھیج دیئے گئے ہیں تاکہ نشہ آور چیز دی گئی یا نہیں اسکی تصدیق ہو سکے۔