پہلی مرتبہ اسکول ایجوکیشن میں 50 ہزاراساتذہ کی بھرتی مکمل کردی، مراد علی شاہ

May 30, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں پچاس ہزار سے زائد قابل اساتذہ کی بھرتی کا عمل مکمل کردیا ہے۔ جس سے سندھ کے بند اسکول کھل چکے ہیں، یہ بات انھوں نے پیر کو سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے محکمہ کالج ایجوکیشن جوائن کرنے والے 1500 لیکچررز میں سے 100 پوزیشن ہولڈرز لیکچررز کو آفر لیٹرز جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ آفر لیٹرز جاری کرنے کی پروقار تقریب وزیراعلی ہاوس میں منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاھ تھے۔ جبکہ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاھ، سندھ کابینہ کے وزراء، چیف سیکرٹری سندھ محمد سہیل راجپوت، پرنسپل سیکرٹری چیف منسٹر فیاض احمد جتوئی، سیکریٹری کالج ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، دیگر محکموں کے سیکریٹریز اور کالج ایجوکیشن کے افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ھدایات کی روشنی میں سندھ حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں پچاس ھزار سے زائد قابل اساتذہ کی بھرتی کا عمل مکمل کردیا ہے۔ جس سے سندھ کے بند اسکول کھل چکے ہیں۔ سید مراد علی شاھ نے کہا کہ سندھ کی تاریخ میں یہ رکارڈ بھی موجودہ عوامی حکومت کو جاتا ہے کہ محکمہ کالج ایجوکیشن کے ان 1500 اساتذہ کی کمیشن مکمل ہونے سے پہلے 1600 نئی آسامیوں پر بھرتیوں کے لئے سندھ پبلک سروس کمیشن نے عمل شروع کردیا ہے۔ جبکہ محکمہ کالج ایجوکیشن نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی بنیاد پر 1200 مزید آسامیاں بھی سندھ پبلک سروس کمیشن کو بھیج دی ہیں۔