ڈاکےچوریاں کروڑ سے زائد کی وارداتیں، شہری نقدی و قیمتی اشیاء سے محروم

May 30, 2023

لاہور،کاہنہ (کرائم رپورٹر ،نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں چوری و ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں شہریوں کوایک کروڑسےزائد کی نقدی ، زیورات اور دیگر اشیا سے محروم کر دیا گیا ۔ شادباغ میں 2مسلح افراد نے خاتون سے گن پوائنٹ پر 59لاکھ 85ہزار روپے کا 20تولے سونا ،12لاکھ نقدی اور گاڑی کے کاغذات چھین کر فرار ہوگئے ، ستوکتلہ میں نامعلوم چور منتظر کے گھر سے 20لاکھ روپے کی نقدی ، زیورات ،الیکٹرونکس کا سامان اور گھڑیاں، سمن آباد میں فیصل کے گھر سے 14 لاکھ 50ہزار کی نقدی، زیورات اور الیکٹرونکس کا سامان ، اقبال ٹائون میں احمد حسن کے گھر کے تالے توڑ کر10لاکھ40ہزار کی نقدی ، زیورات، پرائز بانڈ اور الیکٹرونکس کا سامان چوری کرلیاگیا ، کاہنہ میں ڈاکوئوں نےخرم اقبال سے 3لاکھ20ہزار روپے لوٹ لیے،شاہدرہ میں ڈاکو حارث کی دکان سے گن پوائنٹ پر ایک لاکھ 75 ہزار روپے، غازی آباد میں دانیال کے ہیئر سلون میں گھس کر ایک لاکھ 15ہزار روپے، ستوکتلہ میں محسن کی دکان سے 1 لاکھ روپے، گجر پورہ میں رضا اللہ کی لیب سے 2لاکھ 50ہزار روپے، نشتر کالونی میں عمر عادل کے الیکٹرونکس شوروم سے 97ہزار 3سو 80روپے، سبزہ زار میں عرفان کی بیوی اور بہن سے 14لاکھ 72ہزار روپے کا 5تولے سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔اقبال ٹاون، چوہنگ، ڈیفنس، لاری اڈا، شادمان، نشتر کالونی، ہئیر، گلشن اقبال،مصری شاہ سے کاریں اور نصیر آباد،غالب مارکیٹ، فیکٹری ایریا، پرانی انارکلی، سمن آباد، لاری اڈا، مصطفی آباد، راوی روڈ، ساندہ، ہنجروال، جوہر ٹاون، مزنگ، لوئر مال سے موٹرسائیکلیں چوری ہوگئیں۔