لاہور(خصو صی رپورٹر)وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے نہرو پارک اور کریم پارک کا دورہ کیا اور دونوں پارکس میں جاری ترقیاتی، بحالی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ پی ایچ اے سماویہ اور دیگر متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو پارکس میں جاری بحالی اقدامات، ترقیاتی کاموں اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ انجینئرنگ ونگ جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرے، منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔