حسن نثار نے بشریٰ انصاری کی دوسری شادی کے بارے میں کیا کہا؟

May 30, 2023

فائل فوٹو

مشہور کالم نگار، تجزیہ کار، نقاد اورصحافی حسن نثار کا کہنا ہے کہ بشریٰ انصاری نے دوسری شادی بہت مشکلات اور انتظار کے بعد کی ہے۔

حسن نثار سے ایک صارف نے بشریٰ انصاری کا حوالہ دیتے ہوئے دوسری شادی کے بارے میں ایک سوال پوچھا کہ ’اگر میاں بیوی کی آپس میں نہیں بنتی تو ساری زندگی ایک روگ کے ساتھ گزارنے سے کیا یہ بہتر نہیں کہ ایسا فیصلہ کرلیا جائے جوبشریٰ انصاری صاحبہ نے کیا؟‘

انہوں نے صارف کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ انصاری نے دوسری شادی زندگی میں بہت سی مشکلات دیکھنے اور انتظار کرنے کے بعد کی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اداکارہ نے پہلے اپنے بچوں کی پرورش کی اور پھر اپنی زندگی کے بارے میں ایک صحیح فیصلہ لیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اداکارہ کے پہلے شوہر کو بھی اچھی طرح جانتا تھا لیکن علیحدگی کے حوالے سے میں آپ کو اپنا بھی تجربہ بتاتا ہوں کیونکہ میں بھی اپنی زندگی میں اس طرح کے مسائل کا شکار رہا ہوں۔

حسن نثار نے صارف کو دوسری شادی کے بارے میں مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے بچے ہیں تو آپ کو بھی بشریٰ انصاری کی طرح اپنے بچوں کے بالغ ہونے کا انتظار کرنا چاہیئے۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ اداکارہ کی شادی عملی طور پر طلاق سے 10 سال قبل ہی ختم ہو چکی تھی، وہ دس سال تک اکیلے بطور ماں رہیں اور بچوں کے بڑے ہونے کا انتظار کیاجوکہ بالکل صحیح فیصلہ تھا۔