امریکی فوجی کی لاش کی باقیات 73 سال بعد اہلخانہ کے حوالے

May 30, 2023

فوٹو بشکریہ غیرملکی میڈیا

کورین جنگ میں مرنے والے امریکی فوجی کی لاش کی باقیات 73 سال بعد اہلخانہ کو دفنانے کے لیے دے دی گئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق لوتھر ہرشل اسٹوری 18 سال کی عمر میں 1 ستمبر 1950 کو جنگ میں مارا گیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق لوتھر ہرشل اسٹوری کی باقیات کو ریاست جارجیا میں اس کے آبائی علاقے میں فوجی اعزاز کے ساتھ دفنا دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق مرنے والے امریکی اہلکار کی لاش کی باقیات تقریباً ایک ماہ بعد برآمد ہوئیں لیکن اس وقت کی فرانزک تکنیک سے اس کی شناخت نہیں ہو سکی تھی تاہم اپریل میںڈی این اے کے نمونے استعمال کرتے ہوئے فوج اس کے بارے میںپتا لگانے میں کامیاب ہوگئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق لوتھر ہرشل اسٹوری کی لاش کی باقیات 1950 میں جنوبی کوریا کے قریب سے برآمد ہوئیں اور بعد ازاں وہ ہوائی میں بحرالکاہل کے نیشنل میموریل قبرستان میں دیگر مرنے والے نامعلوم فوجیوں کے ساتھ طویل عرصے تک دفن رہی۔

رپورٹس کے مطابق ان باقیات کو 2021 میں جنگ میں ہلاک ہونے والے سیکڑوں نامعلوم امریکیوں کی شناخت کرنے کی کوشش کے طور پر نکالا گیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوجی کی لاش کی باقیات کی شناخت کا اعلان صدر جوبائیڈن نے 26 اپریل کو جنوبی کوریا کے صدر کے سرکاری دورے کے دوران کیا تھا۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق لوتھر ہرشل اسٹوری کے والد کو 1951 میں ایوارڈبھی دیا گیا تھا۔