روس نے امریکی سینیٹر کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کردیا

May 31, 2023

ماسکو ( نیوز ڈیسک) روسی وزارت داخلہ نے امریکی سینیٹرلونڈسے گراہم کو مطلوب افراد کی فہرست میں ڈال دیا۔ گراہم نے یوکرین کے لیے اپنی حمایت پر روس کی تنقید کو مسترد کردیا تھا ۔ روسی میڈیا کے مطابق روسی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ الیگزینڈر باسٹریکن نے کیف میں امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کے روس مخالف بیانات کے حوالے سے فوجداری مقدمے کا حکم دے دیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ الیگزینڈر باسٹریکن نے مرکزی تفتیشی محکمے کو ہدایت کی کہ وہ روسیوں کے قتل کے بارے میں لنڈسے گراہم کے بیانات کے حوالے سے مقدمے کی کارروائی شروع کرے۔ لنڈسے گراہم نے یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات کے دوران روسیوں کے قتل کو امریکی حکام کی جانب سے یوکرین کے لیے امداد کے حصے کے طور پر سب سے کامیاب سرمایہ کاری قرار دیاتھا۔ ادھر لنڈسے گراہم کا کہنا تھا کہ انہوں نے محض یوکرین کے مزاحمتی جذبے کی تعریف کی تھی جس کا مظاہرہ واشنگٹن کی مدد سے روسی حملے کے دوران یوکرینی باشندوں نے کیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل روس نے کہا تھاکہ امریکا جوہری میزائلوں کی تنصیب پر ہمیں لیکچر نہ دے۔