امان اللّٰہ خان کے مشن کی تکمیل کیلئے اختلافات سے بالاتر ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی، رہنما جے کے ایل ایف

June 01, 2023

لوٹن (اسرار احمد راجہ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے زیر اہتمام لوٹن میں قائد تحریک امان اللہ خان کی ساتویں برسی منائی گئی جس میں تمام برانچز کے عہدیداران اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی ۔ پروگرام کا آغاز رتاسب کشمیری نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ نظامت کے فرائض زونل سیکرٹری تنویر ملک اور مرکزی رہنما اعجاز ملک نے ادا کئے۔ برسی کی تقریب میں قائد تحریک امان اللہ خان کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر کیلئے کام کرنے والوں کو ایوارڈز و سرٹیفکیٹ دیئے گئے جو ان کے ورثاء نے وصول کیے۔ ایوارڈ وصول کرنے والوں میں برطانیہ میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے پہلے صدر افضل جاتلوی، ماسٹر مجید، ڈاکٹر عاصم، پروفیسر لیاقت علی خان، راجہ رؤف، ملک محمد شفیع، اظہر ملک، ایوب راٹھور، حاجی اقبال، بیزام بشیر، اقبال راٹھور، لیاقت علی چوہدری، ظفر شریف، ریاض محمود، غفور غوری دیگر شامل تھے۔ پروفیسر ظفر خان، سردار نسیمِ اقبال ایڈووکیٹ، ملک مشتاق پاشا، چوہدری محمد یوسف، محمد صابر گل، تنویر ملک، سردار شبیر راجہ منور خان، ظفر جونیئر، خواجہ حسن، ملک لطیف، ملک اعجاز، الحاج راسب کشمیر ی، حاجی اقبال، واحد کاشر، عماد ملک، ڈاکٹر فیضان، قاری عجائب، صنوبر حسن، صدیق راٹھور ودیگر رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ قائد تحریک امان اللہ خان کی زندگی مشعل راہ ہے، ان کے مشن کی تکمیل کیلئے ہمیں اختلافات سے بالاتر ہوکر جد وجہد کرنی ہوگی۔ رہنماوں نے کہا تحریک آزادی کشمیر نازک مرحلے سے گزر رہی ہے، رہنماوں نے کہا کہ فرنٹ کے اسٹیج سے جن رہنمائوں کو ایوارڈز دیئےگئے ہیں یہ تحریک کے ہراول دستے میں شامل ہیں، برطانیہ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی سفارتی کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ظفر خان نے بھارت کے حکمرانوں کو کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے، ماورائے عدالت قتل، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، ریاستی دہشت گردی، عوام کےگھروں پر چھاپے، بلاجواز لوگوں کی گرفتاریاں بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حکمران آئندہ الیکشن جیتنے کیلئے یاسین ملک کی جان سے کھیلنا چاہتے ہیں، کشمیری عوام بھارت کے اس منافقانہ رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں یاسین ملک سمیت حریت رہنماؤں کی بلاجواز گرفتاریوں اور جعلی مقدمات کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کیلئےاقدامات کرے۔ تقریب میں ریاض بٹ، پروفیسر ممتاز بٹ، پی پی رہنما چوہدری محمد اعظم، قیصر داؤد ایڈووکیٹ، مسعود رانا، شعیب جنجوعہ، کیانی، انیل راٹھور، ساجد جنجوعہ، راجہ گلنواز، غلام بٹ، عقیل راٹھور، تصدق ملک، ملک عجائب و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔