پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض ہے، مقررین

June 01, 2023

پیرس (رضا چوہدری) شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور یوم تکبیر کی مناسبت سے ایک اجتماع راجہ علی اصغر، سردار ظہور اقبال، حاجی نثار احمد، چوہدری افضل لنگا، چوہدری نوید پکھوال، چوہدری نعیم اختر اور روحی بانو پر مشتمل کمیونٹی کمیٹی کے تعاون سے پیرس میں ہوا جس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔ اس موقع پاکستان اور فرانس کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے، مقررین نے شہدائے پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور 28مئی یوم تکبیر روشنی ڈالی۔ نظامت کے فرائض کشمیری رہنما چوہدری نعیم اختر نے ادا کئے اور کہا کہ کسی کو بھی شہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض ہے، شہدا ہمارا فخر ہیں، پوری قوم ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرے، شہدائے پاکستان ہمارے ہیرو اور عظیم اثاثہ ہیں۔ مقررین نے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جو وطن کی راہ میں قربان ہوگئے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ 9اور 10مئی 2023کو وطن عزیز میں جو کچھ ہوا وہ قابل شرم اور قابل مذمت ہے، پاکستان مسلم لیگ فرانس کے چیئر مین راجہ علی اصغر نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبد القدیرخان اور نواز شریف کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جن کی بدولت پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کے مذموم پروپیگنڈے کے باوجود شہداء کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔ تقریب میں خان یوسف خان، حاجی محمد اسلم، قاضی عامر، ساجد گورسی، چوہدری ساجد ویروال، مرزا عتیق الرحمٰن، عمر دراز، برہان کراہی نے بھی شرکت کی۔ قاری فاروق احمد فاروقی نے دعا کرائی، تقریب کے آخر میں یوم تکبیر کی25 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔