برطانیہ میں رواں سال کا گرم ترین دن، کچھ حصوں میں درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

June 01, 2023

لندن (پی اے) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے رواں سال کا اپنا گرم ترین دن دیکھا، جس میں ملک کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 25ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا۔ پورتھماڈوگ،نارتھ ویلز میں درجہ حرارت 25.1 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس نے پلائی متھ میں اتوار کے روز رواں سال 24.4سینٹی گریڈ درجہ حرارت کا ریکارڈ توڑ دیا۔ سکاٹ لینڈ اور ناردرن آئر لینڈ میں بھی رواں سال کا اب تک بلند ترین درجہ حرارت ٹنڈرم،سٹرلنگ میں 24.5سینٹی گریڈ اور کاسل ڈریج کو ٹائیرون میں 24.5سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ میٹ آفس میں سینئر میٹیورولوجسٹ راکیل آئرس کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں تیز دھوپ کے ساتھ ایک اچھا اور روشن دن رہا ہے۔ برطانیہ کے مغرب میں مرکوز ہائی پریشر موسم کو سیٹل کر رہا ہے اور اس کی وجہ سے صاف شفاف آسمان اور عام طور پر خشک ماحول ہو رہا ہے، تاہم مشرقی ساحلی علاقوں میں بادلوں اور شمال مشرق سے سمندری ہوائوں کے جھونکے کے نتیجے میں کینٹ اور شمال مشرقی ساحلوں پر موسم قدرے ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت تقریباً 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ مس راکیل آئرس نے کہا کہ ہوا نارتھ سی سے آرہی ہے اور مشرقی علاقوں میں چل رہی ہے، اس لئے مغرب میں مطلع صاف اور مشرق میں موسم ٹھنڈا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رات تک بادل مزید مغرب کی جانب جائیں گے یعنی زیادہ تر ویلز اور سائوتھ ویسٹ انگلینڈ کی جانب، جنہوں نے حالیہ دنوں میں دیوار سے دیوار تک دھوپ کا لطف اٹھایا ہے۔ ماہرموسمیات کے مطابق اب بادل ان علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ اگلے چند روز میں موسم کے حوالے سے مشرق اور مغرب کی تقسیم جاری رہے گی۔ مغرب اعلیٰ ترین درجہ حرارت اور تیز دھوپ کے ساتھ بہترین ہوگا جبکہ مشرق میں موسم ٹھنڈا اور مطلع ابر آلود ہوگا۔ مس راکیل آئرس نے کہا کہ اگرچہ درجہ حرارت ایک جیسے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے لیکن جو بھی شخص ہاف ٹرم بریک کے دوران سورج کی تپش کیلئے سائوتھ ایسٹ کوسٹ کا رخ کرنے کی امید رکھتا ہے، وہ مایوس ہو سکتا ہے۔ ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران نارتھ ایسٹ آف شور سے چلنے والی تند و تیز ہوائیں ہاف ٹرم بریک کیلئے ساحل پر آنے والے لوگوں کو موسم کے سرد ہونے کا احساس دلوائیں گی۔ میٹ آفس کے میٹیورولوجسٹ ڈین سٹراوڈ نے کہا کہ مئی بہت خشک رہا ہے، جس میں ہم نے اصل میں متوقع معمول کی بارشوں سے نصف سے کچھ زیادہ بارشیں دیکھی ہیں۔