مستند رپورٹنگ کیلئے صحافتی اقدار کا خیال رکھا جائے، مجیب الرحمٰن شامی

June 02, 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام لاہورکے مقامی ہوٹل میں "ذمہ دارانہ رپورٹنگ برائے پر امن اور جامع انتخابات "کے عنوان کے تحت دو روزہ میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔ جس کے مہمان خصوصی سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل تھے ۔ مجیب الرحمن شامی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا دور ہے اور صحافیوں کو چاہیے کہ مستند اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کیلئے صحافتی اقدار کا خاص خیال رکھا جائے ۔ پاکستان میں سیاسی عدم برداشت اپنے عروج پرہے۔ انتخابات میں جیتنے والا ایک اور ہارنے والے متعدد ہوتے ہیں اس لئے الیکشن کمیشن پر بلاجواز تنقید بھی معمول بن چکی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی بھی ٹریننگ کروائی جائے اور کوڈ آف کنڈکٹ پر بھی سختی سے عمل کرانا چاہیے۔سعید گل نے کہا کہ میڈیا الیکشن کمیشن کے لئے ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ میڈیا کو انتخابی عوامل ، قوانین اور ضابطوں کے حوالے سے مکمل آگاہی ہو ۔