9مئی کے واقعات قابل مذمت‘ احسان خاکسار پی ٹی آئی سے مستعفی

June 04, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما احسان اللہ خاکسار نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات سے ملک کو نقصان پہنچا ہے ، پی ٹی آئی میں شمولیت ملک دشمنوں کو خوش کرنے کے لئے نہیں کی تھی ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ ان واقعات سے پوری قوم کے سرشرم سے جھک گئے ہیں ، ایک سازش کے تحت پاک فوج پر حملہ کیا گیا ۔ 9 مئی کو پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ، ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے تھے اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس ، ریڈیو پاکستان کو نقصان پہنچانا اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی قابل مذمت عمل ہیں ،ان واقعات کی وجہ سے پی ٹی آئی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا ہر گز یہ مطلب نہیں تھا کہ ملک دشمنوں کو خوش کیا جائے بلکہ ملک کی بہتری کے لئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں میں ایک محب وطن شہری ہوں ۔