دوران ڈیوٹی ایمبولینس ورکرز پر تشدد، جنسی زیادتی کا شکار

June 05, 2023

لندن (پی اے) دوسروں کی ایمرجنسی میں جان بچانے کیلئے کوشاں ایمبولینس ورکرز کو دوران ڈیوٹی تشدد، حملوں، یہاں تک کہ جنسی زیادتیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ایک نئی سٹڈی کے مطابق انہیں دورانِ ڈیوٹی ایسے واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔ جی ایم بی یونین نے کہا ہے کہ ہماری تفتیش کے مطابق تقریباً 9500افراد کو دوران ڈیوٹی تشدد، تھوکنے، اسلحہ سے چوٹ لگانے کے علاوہ 12 سو سے زیادہ کو جنسی حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ یونین نے کہا کہ ایسے واقعات سے متاثر ہونے والے عملے کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ برطانیہ بھر کی، سکاٹ لینڈ اور ویلز کے11میں سے صرف8 ایمبولینس ٹرسٹس نے فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت اپنے اعداد و شمار پیش کئے۔ جی ایم بی کی نیشنل سیکرٹری رچل ہیریسن نے کہا ہے کہ ایمبولینس ورکرز روزانہ کام پر زندگیوں کی خدمت کیلئے نکلتے ہیں، اس کے باوجود ہزاروں ملازمین کو مارا جاتا ہے، ان پر حملے کئے جاتے ہیں، تھوکا جاتا ہے، یہاں تک کہ جنسی طور پر بھی ہراساں کیا جاتا ہے، ایسا رویہ کس طرح روا رکھا جا سکتا ہے جبکہ وہ ہمارے تحفظ کیلئے کوشاں ہوتے ہیں، جی ایم بی کے ارکان قانون میں تبدیلی کیلئے مدد کر رہے ہیں، تاہم اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تحفظ فراہم کرنے والوں کے تحفظ کیلئے قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے، قانون شکنوں سے نمٹنے کیلئے نظام بہتر بنانے پر زیادہ سرمایہ کاری کی جائے اور ہنگاموں کا شکار ملازمین کیلئے مدد میں مزید بہتری لائی جائے۔