یورپ میں مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو لانا ترجیح ہے، چوہدری آفتاب

June 05, 2023

پیرس ( رضا چوہدری) یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی جن کے بچے پاکستان میں ہیں، ان کو گروپ فیملی قانون کے تحت ان ممالک میں لانے پر کام شروع کر دیا گیا۔ یہ بات پاکستان مسلم لیگ ق اٹلی کے چیف آرگنائزر چوہدری آفتاب نے پاکستان روانگی سے قبل روزنامہ جنگ سے گفتگو میں کی ۔انہوں نے کہا پاکستان اوراٹلی کے درمیان معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان میں اٹلی کے سفیر اندریاس فیراریسے اس حوالے سے کام کررہے ہیں۔ چوہدری آفتاب کا کہنا تھا پاکستان مسلم لیگ ق یورپ کے صدر سید خرم رضا کاظمی کی قیادت میں پہلا کام یورپ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے بچوں کو لانا ہے، دوسری بڑی ترجیح یورپی ممالک اور پاکستان کے درمیان خوشگوار ماحول پیدا کرنا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے یورپی سرمایہ داروں، کاروباری لوگوں کو پاکستان لے جا کر حکومت کے ساتھ لائحہ عمل بنانا ہے۔یورپی ممالک خصوصی طور اٹلی میں سیاحت کے فروغ کےلئے سیاحوں کے وفودکا تبادلہ کیا جائے گا۔ دونوں ملکوں کے مابین کاروباری تعلقات سمیت مشترکہ مفادات کے منصوبے بھی آئندہ کے تعلقات میں فروغ حاصل کریں گے۔ چوہدری آفتاب کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی ہے اس وقت اٹلی کے سفیر اندریاس فیراریسے ایسی شخصیت اور خصوصیات کے مالک ہیں جو ان پہلوؤں پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، چوہدری آفتاب کا کہناتھا کہ اٹلی یورپی یونین کا اہم ملک ہے اور اٹلی نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے، میں ایک ہفتے کے دورہ کے دوران مختلف لوگوں سے ملاقات کروں گا ور جلد ہی روم میں سید خرم رضا کاظمی کی سربراہی یورپ بھر کے لوگوں کا کنونشن کریں گے تاکہ یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کرنے اور ان کے حل میں مکمل تعاون کیا جاسکے۔