جاپان میں ملازمت، تربیت اور کاروبار کے لیے آنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے

June 05, 2023

آئی ٹی ماہرین جاپان میں بہترین تنخواہ کے ساتھ ملازمت حاصل کرسکتے ہیں،پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ

جاپان کے امیگریشن ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ دس ماہ میں پانچ ہزار سے زائد پاکستانی جاپان میں ملازمت، تربیت اور کاروبار کے حوالے سے جاپان میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

جاپان میں ملازمت، تربیت اور کاروبار کے لیے آنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

جاپان میں پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ (جو جاپان میں پاکستانیوں کو ملازمت اور تربیت دلوانے اور پاکستانیوں کو قانونی طریقے سے جاپان میں روزگار دلوانے کو ایک مشن کی طرح لے کر چل رہے ہیں) نے ’روزنامہ جنگ‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پوری مستعدی اور تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو جاپان میں آباد کرانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے گزشتہ چند ماہ میں ٹوکیو میں سفارتخانۂ پاکستان اور اوساکا میں ہونے والے سیمینار میں جاپان کے سرکاری اور نجی شعبے کے حکام نے ریکارڈ تعداد میں شرکت کر کے یہ بات ثابت کی ہے، اگر ہم پاکستان سے میرٹ پر بہترین افرادی قوت جاپان کو فراہم کرتے رہیں تو پاکستانیوں کی جاپان میں تعداد لاکھوں تک پہنچائی جاسکتی ہے۔

سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی ساجد حسین طوری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر ساجد طوری صاحب اس منصوبے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور انہوں نے پاکستان میں اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی ہوئی ہے جبکہ سفارتخانے میں ہمارے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عاشج لقمان بھی اپنی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔

سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے مزید نے کہا کہ اس وقت ہمیں پاکستان میں جاپانی زبان سکھانے کے اسکولوں کی شدید قلت کا سامنا ہے کیونکہ پورے منصوبے میں جاپانی زبان سے واقفیت بنیادی ضرورت ہے لیکن اب سفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے پاکستان میں کافی تعداد میں جاپانی اسکول قائم ہونا شروع ہوگئے ہیں جس سے جاپان آنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں مستقبل قریب میں واضح اضافہ دیکھا جائے گا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ اس وقت ایک کھیتی باڑی کرنے والا ہاری بھی جاپان آسکتا ہے جبکہ ایک درجن سے زیادہ تکنیکی شعبوں میں افرادی قوت کو جاپان آنے کے مواقع حاصل ہیں جس کی تفصیل اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت کی ویب سائیٹ سے دیکھی جاسکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئی ٹی ماہرین جاپان میں بہترین تنخواہ کے ساتھ ملازمت حاصل کرسکتے ہیں، اس حوالے سے گزشتہ دس ماہ میں پانچ ہزار افراد کی ملازمت، تربیت اور کاروبار کے ویزوں پر جاپان آنا ہماری بڑی کامیابی ہے ۔