عدلیہ سے متعلق امریکی نائب صدر کے بیان پر اسرائیلی وزیر خارجہ کا سخت ردعمل

June 07, 2023

امریکی نائب صدر کمالا ہیرس نے اسرائیل میں عدالتی اصلاحات سے متعلق بیان دیا جس پر اسرائیلی وزیر خارجہ کی طرف سے سخت ردعمل آیا ہے۔

گزشتہ روز واشنگٹن میں قائم اسرائیلی سفارتخانے میں کمالا ہیرس نے کہا کہ اسرائیل میں جمہوریت کو ایک آزاد عدلیہ کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا ان تمام اقدار کی حمایت جاری رکھے گا جو اسرائیل اور امریکا کے تعلقات میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

امریکی نائب صدر نے کہا کہ اس میں ہماری جمہوریتوں کو مضبوط کرنا بھی بھی شامل ہے، بالکل اسی طرح جیسے اسرائیلی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی جمہوریت طاقتور اداروں، احتساب اور میں یہاں اضافہ کرتی ہوں کہ آزاد عدلیہ پر قائم ہیں۔

وہ اسرائیل کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب کے سلسلے میں سفارتخانے آئی تھیں۔

اسرائیل کے سفیر ایلائی کوہن نے امریکی نائب صدر کے بیان پر آج صبح شدید ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ نائب صدر اسرائیل میں عدالتی اصلاحات کی کوئی ایک شق بھی نہیں بتا سکتیں، مجھے نہیں معلوم کہ وہ بل پڑھتی بھی ہیں یا نہیں، میرا خیال ہے کہ نہیں پڑھتیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں کمالا ہیرس کی بہت عزت کرتا ہوں لیکن عدالتی اصلاحات اسرائیل کا داخلی معاملہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی ریاست جمہوری اور آزاد رہے گی جیسا کہ ہمیشہ سے رہی ہے۔