پیداوار میں کمی کے باوجود سگریٹ کمپنیوں کے منافع میں اضافہ ہوا‘ سپارک

June 08, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سگریٹ بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے جاری کردہ پیداوار میں خاطر خواہ کمی کے باوجود، رواں مالی سال کے پہلے نو مہینوں کے دوران ان کے کاروبار اور مجموعی منافع میں اضافہ ہوا ہے۔ جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کمپنیاں ٹیکس بچانے کیلئے اپنی پیداوار کی جھوٹی اطلاع دے رہی ہیں سگریٹ انڈسٹری نے ٹیکس اضافے سے بچنے اور پالیسی پر اثر انداز ہونے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے۔ بدھ کو ٹیکس سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (سپارک ) کے پالیسی بریف ’’حقائق بمقابلہ انڈسٹری بیانیہ پاکستان میں سگریٹ کی پیداوار اور ٹیکسیشن‘‘ کا اجراء کیا گیا۔ ایس پی ڈی سی کے پرنسپل اکانومسٹ محمد صابر نے کہا کہ پاکستان میں تین لسٹڈ کمپنیاں ملک کی سب سے بڑی سگریٹ پروڈیوسر ہیں، جو پاکستان میں سگریٹ کی کل پیداوار کا 90 فیصد سے زیادہ بنا رہی ہیں۔ ان کمپنیوں کے مالیاتی گوشواروں کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ کمپنیوں کا خالص کاروبار اور مجموعی منافع جولائی 2021 تا مارچ 2022 کے دوران مجموعی طور پر 72 ارب روپے سے بڑھ کر جولائی 2022 تا مارچ 2023 کے دوران 94 ارب روپے ہوگیا۔ مجموعی منافع بھی 33 ارب روپے سے بڑھ گیا۔ اسی مدت کے دوران 46 ارب روپے تک پہنچ گئے۔