اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ حب الوطنی قابل رشک ہے، محمد اصغر

June 09, 2023

مانچسٹر(علامہ عظیم جی) اوورسیز پاکستانی سچے محب وطن ہیں اور اپنے وطن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار رہتے ہیں، پاک فوج پاکستان کیلئے ریڈ لائن ہی نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی کی ضامن اور لازم ملزوم ہے۔ان خیالات کااظہار پاکستان سے آئی ہوئی معروف سماجی و کاروباری شخصیت محمد اصغر کے اعزاز میں چیئرمین فرینڈز راچڈیل مانچسٹر سا ہیوال لنک اور انٹرنیشنل قرآت و نعت کونسل چوہدری نصیر احمد ساہیوالی کی طرف سے استقبالیےکے موقع پر شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئےکیا۔چوہدری نصیر احمد ساہیوالی نے کہاکہ پاکستان کے استحکام خوشحالی کیلئے اوور سیز پاکستانیوں نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں، انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملکی سالمیت کی ضمانت ہے ہمیں ان کیساتھ یکجہتی کا اظہار ضروری ہے۔ پاکستان امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر استاد محمد صفدر نے کہاکہ پاکستان ہے تو ہر پاکستانی خواہ وہ ملک میں رہتا ہے یا اوور سیز میں ہو کی عزت وقار ہے۔ مہمان خصوصی محمد اصغر نے کہاکہ اور سیز پاکستانیوں کا جذبہ حب الوطنی قابل رشک ہے، انہوں نے اپیل کی کہ بیرون ملک رہنے والوں کو پاکستانی ترقی خوشحالی میں ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے اور بیرون ملک اپنے وطن کے وقار کی سربلندی کیلئے کام کرنا چاہیے۔ اس موقع علامہ محمد عظیم جی نے خانہ کعبہ کا غلاف پیش کیا ، چوہدری محمد سرفراز، قاری امام سبطین علی، وسیم چوہدری، چوہدری خالد رشید، شاہد رشید سمیت دیگر نے بھی پاکستان کی خوشحالی میں اوور سیز پاکستانیوں کو بھر پور کردار ادا کرنے پر زور دیا ۔