انگلینڈ میں ڈوب کر ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہونے لگا

June 09, 2023

لندن(مریم فیصل)سٹیفورڈ انگلینڈ میں امتحان کا سیزن اختتام کی جانب ہے اور موسم بھی گرم ہوتا جارہا ہے ایسے میں انگلینڈ کے کنال اور ریور ٹرسٹ نے وارننگ دینا شروع کردی ہے کہ جو ٹین ایجرز فراغت کے اس وقت میں نہر میں ڈبکی لگا نے پر غور کر رہے ہیں وہ اس عمل سے باز رہے کیونکہ ٹرسٹ کے مطابق ساٹھ فیصد حادثاتی اموات ڈوبنے سے ہی ہوتی ہیں ۔ گزشتہ سال بھی دریا سمندر یا نہروں میں ڈوبنے کے حادثات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے کیونکہ ٹین ایجر ز جذبات میں ڈوب جاتے ہیں ۔ ٹرسٹ ترجمان کے مطابق نوجوان بچوں کو اس بارے میں تعلیم دینے کی ضرورت ہے کہ گہرے پانی میں تب ہی جائے جب تیراکی آتی ہو اور کوئی بڑا ساتھ ہو،اب چونکہ موسم بھی گرم ہورہا ہے اور امتحان بھی ختم ہو نے والے ہیں تو اس موسم میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نہروں اور دریاوں کا رخ کرتی ہے،لیکن یہ ایک بڑا المیہ ہے کہ ہر سال ڈوب کر مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ بچوں کو گہرائی کا اندازہ نہیں ہوتا ہے،پانی کی سطح صاف لگ رہی ہوتی ہے اور اسی خیال میں بچے آگے چلے جاتے ہیں اور یہ بے احتیاطی حادثاتی موت کا سبب بن جاتی ہے ۔