ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پولیس کو بھی انتظامات کی ہدایت

June 09, 2023

راولپنڈی(وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)ممکنہ تیز بارشوں اورسیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی انتظامات کئے جائیں ،ڈپٹی کمشنر نے سی پی اور اولپنڈی کو لیٹرلکھ دیا۔سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی کو ڈی سی راولپنڈی کی جانب سے سپیشل برانچ راولپنڈی کی تیارکردہ ایک رپورٹ بھجوائی گئی جس میں بارشوں کے دوران تھانہ کی سطح پرممکنہ متاثرہ مقامات اورنشیبی علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے ،رپورٹ میں مزیدکہا گیاہے کہ پری اور مون سون میں غیرمعمولی بارشیں ہوسکتی ہیں ندی نالوں میں طغیانی کاخطرہ پیداہو سکتا ہے ۔گزشتہ برسوں میں ضلع راولپنڈی میں غیرمعمولی بارشوں سے نالہ لئی میں طغیانی سے اس سے متصل علاقے زیرآب آنے سے خاصی تباہی ہوچکی ہے ۔ ان علاقوں میں آریہ محلہ ،مسلم کالونی ،جاویدکالونی ، گوالمنڈی،موہن پورہ کچی آبادی ملحقہ نالہ لئی ، کٹاریاں ،پھگواڑی ، ڈھوک دلال وغیرہ شامل ہیں جب کہ شہرمیں واقع دیگرنالوں پانی کی سطح بلندہونے سے گلشن آباد،ورکشاپی محلہ ،تھانہ پیرودھائی کے ایریامیں گندہ نالے سے بنگش کالونی ،خیابان سرسید،ضیا ءالحق کالونی ،قائد آباد،ہزارہ کالونی ،تھانہ صادق آبادکے علاقہ میں گندا نالہ صادق آباد سے چوک آفندی کالونی ،ڈھوک پنوں ،چراہ روڈ، اوردیگر نشیبی علاقے ،متاثرہوسکتے ہیں۔ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کی جانب سے ایمرجنسی پلان کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔ راولپنڈی میں ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لئے 1122،واسا،سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کوالرٹ کردیاگیاہے اس حوالے سے ضلعی پولیس بھی ممکنہ حفاظتی انتظامات کرلے ۔