دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث طیاروں کیلئے مشکلات بڑھ گئیں

June 10, 2023

لندن (پی اے) ماحولیاتی تبدیلیوں کے سبب طیاروں کے لیے مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ بسااوقات موسم کی اچانک تبدیلی سے طیارے تباہ ہوجاتے ہیں اور مسافر بھی زخمی ہوجاتے ہیں۔ یہ صورت حال پوری دنیا کی ایسوسی ایشن انڈسٹری کو درپیش ہیں۔ تاہم نارتھ اٹلانٹک روٹ پر یہ واقعات زیادہ ریکارڈ کیے گئے۔ یہ دنیا کا مصروف ترین فضائی روٹ تصور کیا جاتا ہے۔ اس روٹ پر سب سے زیادہ مشکلات ریکارڈ کی گئی ہیں اور1979ء کے بعد سے اس میں55فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ریڈنگ یونیورسٹی کے ریسرچرز کا کہنا ہے کہ کلائمٹ چینج کی وجہ سے فضائی سفر میں مشکلات کی پیشن گوئی پہلے بھی کی گئی تھی لیکن اب ان کی اسٹڈی سے ثابت ہورہا ہے کہ مشکلات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ آلودگی کے اخراج کی وجہ سے ہوا میں پیدا ہونے والی گرمی سے جیٹ طیاروں کے انجن متاثر ہوتے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ہوا میں کمی بیشی اور اتار چڑھاؤ سے ایئر لائنز کو ہر سال سیکڑوں ملین پونڈ کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے لیکن نادیدہ صورت حال کی پیشگوئی اور اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کے لیے مزید فنڈز کی ضرورت ہوگی۔ ہوا کے اتار چڑھاؤ سے طیاروں میں دھچکے لگتے ہیں جو طیاروں اور مسافروں دونوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔