پولیس تعاقب میں ای بائیک پر سوار 15 سالہ لڑکا ایمبولینس سے ٹکرا کر ہلاک

June 10, 2023

لندن ( پی اے ) اپنی ای بائیک پر سوار لڑکا پولیس تعاقب اور پھر ایمبولینس سے ٹکرانے کے بعد ہلاک ہو گیا جس کا نام مقامی طور پر 15 سالہ ساؤل کوکسن بتایا گیا ہے ۔ گریٹر مانچسٹر پولیس (جی ایم پی) کا کہنا ہے کہ ٹریفک آفیسرز جمعرات کی سہ پہر سالفورڈ میں اس نوجوان کا پیچھا کرتے رہے جب تک کہ بولارڈز نے ان کی گاڑی کا راستہ روک لیا ۔ نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس (این ڈبلیو اے ایس) نے بتایا کہ اس کے بعد اس کی ای بائک ایمبولینس سے ٹکرانے گئی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔ انڈی پینڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ ( آئی او پی سی ) اس واقعے کی انویسٹی گیشن کررہا ہے ۔ آفیسرز نے لینگ ورتھی روڈ پر حادثے سے قبل تقریباً 14.00 بی ایس ٹی پر فٹزوارن سٹریٹ اور لوئر سیڈلی روڈ پر اس لڑکے کا تعاقب کیا تھا ۔ این ڈبلیو اے ایس کا کہنا ہے کہ اس وقت اس کی گاڑی ایکٹیو کال پر نہیں تھی اور اسے ایک قریبی ایمبولینس سٹیشن پر واپس لے جایا جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا ۔ گاڑی کے اندر موجود سٹاف ہسپتال لے جانے سے پہلے فوری طور پر لڑکے کا علاج کرنے میں کامیاب رہا تاہم وہ بعد میں ہسپتال میں انتقال کر گیا ۔نوعمر لڑکے کی موت ایک سانحہ ہے۔ لڑکے کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جائے حادثہ پر فریم شدہ تصویر کے ساتھ پھول اور کارڈز رکھے گئے ہیں اور شمعیں روش کی جا رہی ہیں ۔