طلباء‘  وکلاء و سول سوسائٹی کا نصیرآباد میں جامعہ کے قیام کیلئے فنڈز مختص کرنیکا مطالبہ

June 10, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) طلباء تنظیموں کے رہنماؤں وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی منظور شدہ قرارداد کے مطابق نصیرآباد میں مکمل خودمختار جامعہ کے قیام کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فنڈز مختص اور انتظامی سطح پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں ،یہ بات جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن ایڈووکیٹ راحب بلیدی ، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر جہانگیر بلوچ ، جنرل سیکرٹری عبداللہ درانی ، بی ایس او پجار تمبو زون کے صدر میر حسن بلوچ ، بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بی ایم سی یونٹ کے جنرل سیکرٹری میرو بلوچ ، جی ٹی اے اوستہ محمد کے جنرل سیکرٹری عبداللہ پندرانی ، جی ٹی اے (آئینی) کے مرکزی نائب صدر انور ساسولی ، وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر محمد بچل ابڑو ، پروگرام کے آرگنائزر اعجاز حسین ساسولی نے نصیرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کےحوالے سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنےاحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےکہی۔مقررین نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن کثیر آبادی اور وسیع رقبے پر مشتمل زرخیز علاقہ ہے لیکن نوجوانوں کو ایک مکمل جامعہ کی صورت میں اعلیٰ تعلیم کی سہولیات میسر نہیں ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت فروغ تعلیم کے لئے غیرمعمولی اقدامات اٹھا رہی ہے اور یہ بات باعث اطمینان ہے کہ نصیرآباد کے جوان آج کسی روڈ یا نالی کے لئے نہیں بلکہ تعلیم کا مطالبہ لیکر کوئٹہ پہنچے ہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ نصیرآباد جیسے علاقے میں جہاں سے وزیراعظم ، وزراءاعلیٰ اور اعلیٰ عہدوں پر لوگ فائز رہے وہاں یونیورسٹی نہیں ، نصیرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ نوجوانوں کا حق ہے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو تک یہ مطالبہ پہنچائیں گے ۔