ٹام کروز کے ڈبل مین کی تصویر دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین دنگ رہ گئے

June 10, 2023

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کی جگہ اُن کی فلموں میں خطرناک اسٹنٹس کرنے والے ڈبلز مین کی تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو شش و پنج میں ڈال دیا ہے۔

اداکار ٹام کروز کو اُن کی آنے والی نئی فلم، ہالی ووڈ سیریز ’مشن امپاسیبل‘ کے ’ڈیڈ ریکوننگ پارٹ 1‘ میں ایک بار پھر خطرناک اسٹنٹس کرتے ہوئے دیکھا جائے گا جبکہ فلم کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔

مشن امپاسیبل، ڈیڈ ریکوننگ پارٹ ون نے اپنی ریلیز سے قبل ہی اپنے ٹریلر کے ذریعے شائقین کے درمیان کافی ہلچل مچا دی ہے۔

اس فلم میں ٹام کروز ’مشن امپاسیبل‘ فرنچائز کی ساتویں قسط میں آئی ایم ایف ایجنٹ ایتھن ہنٹ کے طور پر نظر آئیں گے۔

سوشل میڈیا پر ٹام کی ایک تصویر وائرل ہے جس میں وہ اپنے ڈبل اور اسٹنٹس مین کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔

اس تصویر کو دیکھ کر پہچاننا مشکل ہو گیا ہے کہ اس میں تینوں نظر آنے والے افراد ٹام ہیں یا مختلف شخصیات ہیں۔


وائرل ہونے والی تصویر میں ایک ساتھ کھڑے تینوں افراد ہو بہو ایک جیسے دکھائی دے رہے ہیں، اس تصویر نے اس فلم سمیت ٹام کروز کے مداحوں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔

تصویر میں تینوں مردوں کا حیرت انگیز طور پر ہیئر اسٹائل، چہرے کے خدوخال اور جسامت ایک جیسی ہے۔


اس تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو کشمکش میں ڈال دیا ہے کہ آیا ان میں سے اصل ٹام کروز کون ہے؟

اس تصویر سے متعلق کچھ انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ تصویر AI آرٹیفیشل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ہے جبکہ کرسٹوفر کناگراج نامی ٹوئٹر صارف کا اس تصویر سے متعلق دعویٰ کرنا ہے کہ یہ تصویر ٹام کے ڈبلز مین کی حقیقی تصویر ہے۔

لکشمی آر آئیر نامی ایک بھارتی فلم پروڈیوسر و ہدایتکار نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے دعوٰی کیا ہے کہ یہ تصویر مشن امپاسیبل 7 کی اختتامی پارٹی کی ہے جس میں اداکار ٹام کروز اپنے ڈبلز مین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب ایک بھارتی سوشل میڈیا پیج نے اسے اے آئی کی تخلیق قرار دیا ہے۔


واضح رہے کہ ٹام کروز کی فلم ’ڈیڈ ریکوننگ پارٹ ون‘ 12 جولائی 2023ء کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شائقین کو اس سنسنی خیز فلم میں خطرناک ایکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔