کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد ایک دم سے سینئر کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کی خبریں میڈیا کی زینت بن گئیں۔ منگل کی شب کراچی میں شاہین شاہ آفریدی کی شادی کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے دھواں دھار انٹری دی اور دونوں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔ بابر اعظم ، آفریدی ، فیملی کے ساتھ گھل مل گئے جس نے اختلافات کی خبروں کو غلط ثابت کردیا۔ ٹیم ڈریسنگ روم میں لڑائی کی قیاس آرائیوں کے پس منظر شاہین شاہ آفریدی کے بعد محمد رضوان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر قومی کرکٹ ٹیم کی تصویر شیئر کردی۔ محمد رضوان نے لکھا ہے کہ ،اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں۔