لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے رہنماؤں پر مقدمات کی مذمت کرتے ہیں، رہنما جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی

September 22, 2023

لیڈز (پ ر) جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی کے چیف آرگنائزر شاہ نواز علی شیر ایڈووکیٹ، کنوینر سردار عمر اخلاص، یوتھ سیکرٹری انجینئر لقمان حکیم، مرکزی رہنما عنایت علی شاہ، سکندرحیات جنجوعہ نے مشترکہ بیان میں پارٹی چیئرمین نثار شاہ ایڈووکیٹ، سینئر قانون دان اختر حسین ایڈووکیٹ اور دیگر ساتھیوں کے خلاف لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کی قیادت میں مہنگی بجلی، گیس، پیٹرول اور آزاد جموں و کشمیر میں جاری عوامی احتجاجی تحریک کی حمایت میں راولپنڈی میں منعقدہ احتجاجی مظاہرہ پر درج ہونے والے بے بنیاد مقدمہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چیئرمین نثار شاہ ایڈووکیٹ، اختر حسین ایڈووکیٹ اور ساتھیوں پر درج مقدمہ آزادی اظہار رائے پر قدغن اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے مقدمہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔ ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان، سمیت پاکستان و جموں کشمیر کی تمام انسانی حقوق کی تنظیموں، رہنماؤں، وکلاء اور ترقی پسند حلقوں نے بھی اس درج ہونے والے مقدمہ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار رائے پر بڑا حملہ قرار دیا ہے۔ رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ریاست جبر و اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ آئی پی پیز و دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے جو وسائل کی لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں۔ عوام پر مہنگی بجلی، پیٹرول سمیت ٹیکسز کا نفاذ کر کے عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے ایسے حالات میں جب عوامی نمائندے، عوام دشمن پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں اور پرامن احتجاج کرتے ہیں تو ان پر مقدمے درج کر دئیے جاتے ہیں۔ اگر ایسی ہی صورتحال رہی تو انسانی حقوق کا احترام اس خطہ سے اٹھ جائے گا۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں ، جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی مطالبہ کرتی ہیں کہ جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی کے چیئرمین نثار شاہ ایڈووکیٹ، لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کی لیڈر ڈاکٹر فرزانہ باری، عوامی ورکرز پارٹی کے صدر اختر حسین، ایوب ملک نیشنل پارٹی صدر پنجاب، فہیم ذوالفقار صدر مزدور کسان پارٹی، عباس شاہ، راہنما مزدور محاذ، بشیر راجہ، رہنما یونائیٹڈ کشمیر پیپلز نینشل پارٹی، کامریڈ رضوان سیکرٹری ایل ڈی ایف، فاطمہ شہزاد رہنما لیبر قومی موومنٹ اور ان کے 25ساتھیوں کے خلاف درج ہونے والے بے بنیاد مقدمہ کو خارج کیا جائے اور سیاسی، ترقی پسند رہنماؤں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی نثار شاہ ایڈووکیٹ اور ان کے جملہ ساتھی عرصہ سے عوامی حقوق کی بحالی و بازیابی کیلئے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں، عوامی مقبولیت و حمایت پر حکمران طبقہ خوف زدہ ہو کر ان کی توانا عوامی آواز کو ریاستی جبر سے کچلنا چاہتے ہیں جو کہ تشویشناک ہے۔