کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں مزید 3.28روپے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت بدترین مہنگائی اور مسائل میں گھرے ہوئے عوام کو کوئی ریلیف دینے کے بجائے ان پر مسلسل پیٹرول اور بجلی کے بم گرا رہی ہے۔جب نگران وزیراعظم کو قیمتیں کم کرنے کا اختیار نہیں تو بڑھانے کا اختیار کس نے دیا ہے؟۔ طبقہ اشرافیہ کی مراعات ختم کرنے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے، اس اضافے سے عوام کی مشکلات و پریشانیاں مزید بڑھ جائیں گی۔ نیپرا نوٹیفیکیشن کے مطابق چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے سے صارفین کو 6ماہ کی اضافی ادائیگیاں کرنا پڑیں گی اور ان پر 159ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جو عوام کے ساتھ سراسرظلم وزیادتی ہے۔ عوام یہ اضافی بوجھ برداشت نہیں کر سکیں گے، نگراں حکومت بجلی کے نرخوں میں اس اضافے سمیت عوام دشمن فیصلوں سے باز رہے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتیں کم کرے تاکہ مہنگائی اور دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی کچھ کم ہو سکیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم اور وزراء بار بار کہہ رہے ہیں کہ ان کو بجلی، گیس اور پیٹرول قیمتیں کم کرنے کا اختیار نہیں لیکن وہ عوام کو یہ نہیں بتا رہے کہ جب ان کو قیمتیں کم کرنے کا اختیار نہیں تو بڑھانے کا اختیار کس نے دیا ہے؟ نگراں حکمران جب دیگر اختیارات استعمال کر رہے ہیں تو وہ آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدوں پر نظر ثانی کر نے کے لیے کیوں تیار نہیں۔ ان معاہدوں کو کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی جارہی؟ عوام کو بتایا جائے کہ آئی پی پیز سے ہونے والے معاہدوں کے اصل ذمہ داروں کو بے نقاب اور ان کرداروں کے خلاف کارروائی کب کی جائے گی؟ کیا عوام پر اسی طرح مہنگائی کے کوڑے برسائے جاتے رہیں گے؟ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں اور ان میں شامل ظالمانہ ٹیکسوں سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں، ان بلوں کی ادائیگی عوام کے لیے انتہائی مشکل ہو گئی ہے، مہنگائی کی شرح سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 40فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مہنگائی کی اصل شرح اس سے کہیں زیادہ ہے، گزشتہ چند ماہ میں ہر چیز کئی گنا مہنگی ہو گئی ہے، آمدنی میں اضافہ نہ ہونے کے برابر ہے اور بے روزگاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، پی ڈی ایم اور اس میں شامل جماعتوں نے مہنگائی کے خلاف بہت احتجاج کیے، جلسے کیے اور جلوس نکالے لیکن اپنے 16ماہ کے دور حکومت میں اپنے نعروں اور دعوؤں کے برعکس اس حکومت نے بھی بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتیں بڑھائی اور عوام کو عملاً کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔