اسلا م آباد ( رانا غلام قادر ، نیوز رپورٹر)سی ڈی اے نے اسلام آ باد میںپانی کی قلت دور کرنے کیلئے پنجاب حکومت سے در خواست کی ہے کہ راول ڈیم سے مزید دو ملین گیلن یومیہ پا نی فراہم کیا جا ئے۔ اس وقت راول ڈیم سے سی ڈی اے کو دو ملین گیلن پانی مل رہا ہے۔ اسلام آ باد کی مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے شاہدرہ ڈیم اور چنیوٹ ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ بات ڈی جی واٹر مینجمنٹ سی ڈی اے سردار خان زمری نے نما ئندہ جنگ سے گفتگو میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ دو نئے ڈیمز کی تعمیر کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ در یائے سندھ سے پانی کے حصول کے ایشو کو بھی دو بارہ وزارت داخلہ اور پلاننگ کمیشن کے سامنے اٹھایا جا ر ہا ہے جو کئی سال سے زیر التواء ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سال مون سون سیز ن میں پہلی مرتبہ سملی ڈیم اور خان پور ڈیم مکمل نہیں بھرسکے۔ سملی ڈیم 95 فی صد بھرا جبکہ خان پور ڈیم صرف60 فی صد بھرا ہے۔ خان پور ڈیم سے راولپنڈی اسلام آ باد کیلئے یومیہ 50ملین گیلن پانی فراہم کیا جا تا ہے لیکن راستے میں20ملین گیلن ضائع ہو جا تا ہے اور سنگ جانی ٹر یٹمنٹ پلانٹتک صرف 30ملین گیلن پا نی پہنچتا ہے۔ اس ضیاع کو روکنے کیلئے بھی کنسلٹنٹ کی خدمات لی جا ئیں گی۔انہوں نے کہا کہ راول ڈیم مون سون سیزن میں کئی مرتبہ بھر چکا ہے اور اس کے سپل وے گیٹ کھولے گئے لہذا سی ڈی اے نے پنجاب حکومت سے در خواست کی ہے کہ پانی کو ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ اسلام آ باد کو دیدیا جا ئے۔ انہوں نے شہر یوں سے اپیل کی کہ چونکہ پانی کی قلت کا سامنا ہے لہذا پانی کو کفایت شعاری سے استعمال کریں اور ضا ئع نہ کریں۔