راولپنڈی ،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی کے شہری مختلف وارداتوں میں ایک گاڑی 10موٹرسائیکلوں، موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے ،تھانہ صدربیرونی کے علاقہ علی ٹاؤن میں 2موٹرسائیکلوں پر سوار4ملزمان گن پوائنٹ پرراجہ عبدالطیف سے موبائل ،10 ہزار روپے اور طیب شہزاد سے موبائل،50 ہزار روپے، ایک راڈوگھڑی مالیتی 50 ہزارروپے ، موٹرسائیکل ہنڈا 125 کی اصل رجسٹریشن کارڈ ، اے ٹی ایم کارڈ ، شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، تھانہ واہ کینٹ کے علاقہ شاہ ولی کالونی میں 3موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر سید فیضان علی سے موٹرسائیکل ہنڈا125 اور 2موبائل چھین کرلے گئے ،تھانہ چونترہ کے علاقہ تترال قبرستان کے قریب 2نامعلوم ملزموں نے محمد اشتیاق سے اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی مزاحمت پر فائر مارکر اسے زخمی کردیا اور اس سے 10ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے،بی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن میں 2موٹرسائیکل سوار ظہیر عباس کا ہنڈ بیگ جس میں ساڑھے آٹھ ہزار روپے ،کری روڈ پر 2موٹرسائیکل سوار محمدنقیب خان سے 35ہزارروپے اور موبائل ،ڈھوک بنارس میں 2موٹرسائیکل سوارمحمد فواز سے موبائل اور ایک ہزار روپے چھین کرفرار ہوگئے ،کالج روڈ پر جاویداختر کی دکان کےکیش کاؤنٹر سے 4لاکھ روپے ،کاک پل سے اقرا کا پرس جس میں ایک لاکھ روپے اور موبائل تھا،چھوکر میں توقیراحمد کی گائے چوری کرکے لے گئے ۔