آپﷺ کی آمد سے رحمت کی برسات برسنے لگی

October 03, 2023

لندن (پ ر) معروف اسکالر اور لندن کی ممتاز روحانی شخصیت علامہ محمد اسماعیل نے اُم عائشہ اکیڈمی کی جانب سے والتھم سٹو میں نبی رحمتﷺ کی سیرت طیبہ کے حوالہ سے تقریب سعید سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع کے معنی بہار کے ہیں خزاں کے بادل اب چھٹ گئے رحمت کی برسات برسنے لگی ہے آپ کی تشریف آوری سے قبل پانی پینے پلانے پر جھگڑے شروع ہو جاتے ۔ لڑکیاں زندہ قبروں میں دھکیل دی جاتیں۔ فسق فجور قتل و غارتگری کا بازار گرم تھا۔ ناانصافیاں محرومیاں عروج پر تھیں۔ آپ کے کریمانہ اخلاق نے وہ رنگ دکھایا جو رہزن تھے وہ رہبر بن گئے۔ علامہ محمد اسماعیل نے کہا کہ آپؐ نے تو عیسائیوں کو مسجد نبوی میں نمازپڑھنے کی اجازت دی تھی۔ آپؐ نے فتح مکہ پر ان تمام لوگوں کے لیے ازن معافی دی جنہوں نے مکی زندگی میں آپؐ کو اورآپؐ کے خاندان کو اذیتیں دی تھیں۔ علامہ محمد اسماعیل نے کہارسول مکرمﷺ سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ آپ کی تعلیمات کو زندہ و تابندہ کیا جائے خصوصاً احادیث نبویہ کا پرچار کیاجائے۔تقریب کے اختتام پرمہمانوں کی ضیافت کے ذریعے تکریم کی گئی اوردعاپر پروقار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔