کوئٹہ ( اسٹا ف رپورٹر)سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹرکے ایم ڈی ڈاکٹر عظیم اللہ بابر نے کہا ہے کہ چند عناصر اپنے سیا سی مقاصد کے لئے ٹراما سینٹرسے متعلق منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس سے سینٹر کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے مستونگ دھماکےکے زخمیوں کا مفت اور بر وقت علاج کر کے ایک گھنٹے میں 15 زخمیوں کو موت کے منہ سے بچایاگیا ، ہم نے اپنی استعدا سے زیادہ کام کیا لیکن سول ہسپتال انتظامیہ جلتی پر تیل کا کام کررہی تھی، بلو چستان کا واحد فعال ٹراما سینٹر محدود وسائل میں رہتے ہوئے مریضوں کو بہترین علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹراما سینٹرکے احاطے میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ 29 ستمبر 2023 کو مستونگ دھماکے کے 53 زخمیوںکوٹراما سینٹرلایا گیا تھا جس میں 15زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک تھی مگر ڈاکٹرز اور دیگر عملے نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کی جانیں بچائی تمام کا مفت اور بر وقت علاج کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محدود وسائل و افرادی قوت کے باوجود 53 مریضوں کا بر وقت مناسب علاج اور 15 آپریشن کئے مریضوں کو خون ، ادویات، آپریشن، مرہم پٹی حتیٰ کہ پیشنٹ ڈریس تک مفت مہیا کئے گئے اور کوئی چیز ہسپتال کے باہر سے نہیں منگوائی گئی اور نہ ہی سول ہسپتال کی جانب سے مہیا کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ بم دھماکے میں تین افراد بحالت مرد ہ ٹراما سینٹر لائے گئے اور 2 انتہائی تشویش ناک مریض شہید ہوئے اس طرح سے ٹراما سینٹر کا دھماکے میں شرح اموات چار فیصد بنتی ہے جو کہ بین الا قوامی معیار کے ہسپتالوں میں سب سے کم شرح اموات ہے۔