رندیپ ہودا اور لِین لائشرام شادی کے بندھن میں بندھ گئے

November 29, 2023

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام رندیپ ہودا

بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا اور لِین لائشرام شادی کے بندھن میں بندھ گئے، شادی کی تصاویر بھی سامنے آگئیں۔

واضح رہے کہ دونوں نے سوشل میڈیا پر کچھ روز قبل اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ 29 نومبر کو شادی کر رہے ہیں۔

رندیپ اور لین کا کہنا تھا شادی ریاست منی پور کے علاقے امفال جبکہ استقبالہ ممبئی میں ہوگا۔

دونوں نے شادی کے پرمسرت موقع پر منی پور کے روایتی عروسی لباس کا انتخاب کیا۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ریدیپ اور لِین کی شادی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

رندیپ ہودا نے اپنی شادی کے دن کےلیے سفید رنگ کا لباس روایتی دھوتی انداز کے ساتھ پسند کیا جبکہ انہوں نے زرد رنگ کی پگڑی بھی باندھی۔

دلہن نے بھی سفید اور گلابی رنگوں سے مزین منی پور کے روایتی اسٹائل کا شادی کا جوڑا زیب تن کیا۔

شادی سے قبل میڈیا سے بات چیت میں رندیپ ہودا نے منی پور روایات پر شادی سے متعلق کہا تھا کہ دلہن کی روایات کے ساتھ شادی کرنا اسے عزت دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میں اپنے پارٹنر کی ثقافت کا تجربہ کرنا چاہتا ہوں، میں امید کرتا ہوں کہ اس معاملے میں کوئی غلطیاں نہ کروں۔