علی موسیٰ گیلانی ودیگر کیخلاف ایفی ڈرین کیس ، گواہان 15دسمبر کو طلب

November 30, 2023

اسلام آباد (خبر نگار) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی اور دیگر کیخلاف ایفی ڈرین کیس میں گواہان کو 15 دسمبر کو طلب کر لیا۔ ملزمان نے جرمانہ عدالت میں جمع کرا دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین شریک ملزمان مخدوم شہاب الدین ، انصر فاروق اور اسد حفیظ کی بریت کی درخواستیں ایک ، ایک لاکھ روپے جرمانہ کے ساتھ مسترد کی تھیں۔ بدھ کو سماعت کے دوران علی موسیٰ گیلانی ، انصر فاروق ، شیخ انصار ، عبدالستار اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ شریک ملزم افتخار احمد کی طبی بنیاد پر استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ اس موقع پر پراسیکیوشن کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا کہ افتخاراحمد کی درخواست کیساتھ میڈیکل نہیں لگا ہوا جس پر عدالت نے درخواست کیساتھ میڈیکل لگانے کی ہدایت کر دی ۔فاضل جج نے تفصیلات وکلا صفائی کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے گواہان کو 15 دسمبر کو عدالت طلب کر لیا۔