75 سالہ خاتون کا 50 سال سے صرف پانی پی کر زندہ رہنے کا دعویٰ

November 30, 2023

ویتنام سے تعلق رکھنے والی ایک 75 سالہ خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ گزشتہ 50 برسوں سے صرف پانی اور سافٹ ڈرنک پی کر زندگی گزار رہی ہے۔

اس نے مزید کہا کہ ان 50 سالوں کے دوران اس نے کوئی ٹھوس غذا نہیں کھائی اور صرف پانی اور سافٹ ڈرنک پیتی ہے۔

بوئیتھی لوئی نامی اس عورت کا ویتنام کے بنہے صوبہ کے علاقے لوس نن کمیون سے تعلق ہے۔ انکی ظاہری صحت عمر کے لحاظ سے کافی اچھی ہے اور اسکی وجہ انکی خوراک ہے جو کہ زیادہ حیرت انگیز ہے۔

انکا کہنا ہے کہ انکی زندگی میں یہ سب کچھ1963 میں اس وقت شروع ہوا جب ان پر اس وقت آسمانی بجلی گری جب وہ ویتنام کی جنگ کے دوران زخمی فوجیوں کے علاج کے لیے ایک پہاڑ پر گئی تھیں۔

آسمانی بجلی کا شکار ہونے کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی تھیں تاہم انکی جان بچ گئی تھی۔ لیکن اسکے بعد وہ پہلے جیسی نہ رہیں، ہوش میں آنے کے بعد انہوں نے کئی روز تک کچھ بھی نہیں کھایا، جس کے بعد انکے دوستوں نے انہیں شکر ملا ہوا پانی پلانا شروع کیا۔

اس واقعہ کے بعد چند سالوں تک تو انہوں نے ٹھوس خوراک استعمال کی کیونکہ انکے اہل خانہ اور دوست ایسا کرنے کے لیے اصرار کرتے تھے۔ لیکن انہیں اب ایسی خوراک کی خواہش نہیں ہوتی تھی اور1970 میں انہوں نے ٹھوس خوراک ترک کر دی اور صرف پانی اور سافٹ ڈرنک استعمال کرنا شروع کیا۔

اب انکے گھر کے ریفریجریٹر اور فریزر پانی اور میٹھے سافٹ ڈرنک سے بھرے ہوئے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران انہوں نے اپنی بڑھتی عمر کے بچوں کے لیے گھر پر کھانے پکائے لیکن وہ خود اسے نہیں کھاتی تھیں۔