خواتین کو پڑھنے لکھنے کے بعد عملی میدان میں آنا چاہئے، ثمینہ علوی

December 03, 2023

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ میڈیا خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار اداکرے کیونکہ میڈیا کی آواز اثر رکھتی ہے، خواتین کو آگے بڑھتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پروفیسر شاہدہ قاضی وومن کمپلیکس کراچی پریس کلب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ تاحیات ممبر شپ دینے پر کراچی پریس کلب کا شکریہ ادا کرتی ہوں، خاتون اول نے کہا کہ خواتین کو پڑھ لکھنے کے بعد عملی میدان میں بھی آنا چاہیے ۔کمپلیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں خواتین کو مزید سہولیات ملے گی اور ان اقدامات سے خواتین کی شعبہ صحافت میں شمولیت بڑھیں گی۔بیگم ثمینہ علوی نے مزید کہا کہ انہوں نے چھاتی کے سرطان،خصوصی افراد اور ذہنی صحت کے لئے کام کیاہے ۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب نے بیگم ثمینہ علوی کو تاحیات ممبر شپ دی اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کیا۔