ضابطہ فوجداری، 2 سال میں ٹرائل مکمل نہ ہونے پر ملزم ضمانت کا مستحق قرار

December 07, 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے ضمانت کے ایک مقدمہ میں قرار دیا ہے کہ ضابطہ فوجداری کے مطابق دو سال میں ٹرائل مکمل نہ ہو تو ملزم ضمانت کا مستحق ہے ۔عدالت نے قتل کے ملزم محمد عثمان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے قراردیا ہے کہ ضابطہ فوجداری ٹرائل میں تاخیر کی حوصلہ شکنی کرتا ہے،جسٹس اطہر من اللہ کے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جن قانونی وجوہات کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست خارج ہو انہی کو بنیاد بنا کر دوبارہ ضمانت کی درخواست نہیں دی جاسکتی ہے اور اگر نئے قانونی جواز کے ساتھ دوبارہ ضمانت کے لیے رجوع کیا جائے لیکن درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی جائے تو اسی گرائونڈ پر بھی دوبارہ ضمانت کے لیے رجوع نہیں کیا جاسکتا۔