پیپلز پارٹی الیکشن میں پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کریگی، کرن بلوچ

December 07, 2023

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات محترمہ کرن بلوچ نے ایک بیان میںکہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں پہلے سے زیادہ نشستیں لے کر بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم پاکستان منتخب کروائے گی۔ پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہوئی ہے جس کا اندازہ سندھ میں ہونے والے تمام بلدیاتی اور ضمنی الیکشن کے ووٹوں سے باخوبی لگایاجاسکتا ہے۔ پیپلز پارٹی جمہوریت کی داعی ہے اور قائد عوام شہید ذولفقار علی بھٹو نے عوام کو طاقت کا سرچشمہ قرار دیا، یہی وجہ ہے کہ پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں آئندہ انتخابات ملک میںآئین کی بالاستی کی راہ ہموار کریں گے اور عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرینگے، انہوں نے کہا کہ سیاست اور سیاسی مقاصد بعد میں سب سے پہلے پاکستان ہے ،یہی وجہ ہے پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ہے اس کی سیاست کا محور پاکستان اور عوام کی خدمت خوشحالی ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان میں آج جمہوریت اور امن کا پرچم لہرا رہا ہے اس کے پیچھے پاکستان پیپلز پارٹی کے شہدا کا خون ہے اس خون کے ہم محافظ ہیں اور عہد کرتے ہیں پاکستان کو خوشحال عظیم وطن بناکر دم لیں گے ۔