جب آپ کچھ نہیں کرتے تو آپ کا دماغ کیا کرتا ہے؟

February 10, 2024

--- فائل فوٹو

ہم عام طور سے دماغی سرگرمیوں کو ذہنی سرگرمیوں کے ساتھ جوڑ دیتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کا دماغ اس وقت بھی متحرک رہتا ہے جب آپ کچھ نہیں کر رہے ہوتے؟

جی ہاں، حالیہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ جب ہم آرام کر رہے ہوتے ہیں اس وقت بھی ہمارا دماغ مسلسل متحرک رہتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سرگرمیاں یادداشت کو بہتر بنانے اور مسائل کو حل کرنے سمیت کئی افعال کے لیے اہم سمجھی جاتی ہیں۔

کوانٹا میگزین کی رپورٹ کے مطابق محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جب ہم جسمانی اعتبار سے مختلف سرگرمیوں میں مصروف ہوتے ہیں تو ہمارے دماغ کا ایک حصہ متحرک رہتا ہے جبکہ اس کے دوسرے حصے کی سرگرمیاں محدود ہوجاتی ہیں۔

اس وجہ سے جب ہم آرام کر رہے ہوتے ہیں یا فارغ ہوتے ہیں تو ہمارے دماغ کا وہ دوسرا حصہ جو غیر متحرک تھا، وہ متحرک ہوجاتا ہے۔

محققین نے اسے ’ٹاسک- نیگیوٹو‘ کا نام دیا ہے۔ ان کے مطابق دماغ کا یہ حصہ ہمارے صرف دماغ ہی نہیں بلکہ ہمارے اندرونی حصوں اور تجربات کو منظم رکھتا ہے۔

واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے نیورولوجسٹ مارکس ریچل کے مطابق دماغ کا اندرونی حصہ یعنی ٹاسک- نیگیوٹو اس وقت زیادہ متحرک اور توانائی استعمال کرتا ہے جب ہم متحرک نہیں ہوتے۔