پی ڈی ایم کی طرح پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ بھی ناکام ہوگا، جماعت اسلامی

February 25, 2024

لاہور (نیوزرپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی، مجلس قائمہ سیاسی انتخابی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے پشاور میں ہزارہ، پشاور، مردان، مالاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور بنوں ڈویژن کے اضلاع کے قومی، صوبائی اسمبلی امیدواران اور جماعت اسلامی کے صوبائی، ضلعی ذمہ داران کے انتخاب 2024 جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ہمیشہ دھاندلی اور مداخلت ہوئی لیکن انتخاب 2024 میں اسٹیبلشمنٹ اور اقتدار کی ہوس کی تکمیل کے لیے نام نہاد سیاسی، جمہوری قوتوں نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، بدترین انتخابی دھاندلی کے نتیجے میں بنایا گیا حکومتی نظام کمزور اور ریاستی طاقتوں کا مرہونِ منت رہے گا، عالمی اداروں کو مداخلت کی دعوت ملک و قوم کے لیے مزید تباہی لائے گی ۔امیر جماعت پنجاب وسطی جاوید قصوری نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب میں کہا کہ پی ڈی ایم کی طرح پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ بھی ناکام ہو گا۔ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر مخصوص لوگوں کو نوازا گیا ہے، یوں محسوس ہوتا ہے کہ عوامی رائے کی کوئی اہمیت ہی نہیں۔ بند کمروں میں عوامی تقدیر کے فیصلے کرنے والے عوام کی نظر وں میں اپنا وقار کھو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا ہے۔ حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام خواتین کانفرنس سے خطاب میں کہاکہ نوجوان طالبات کی صلاحیتوں کو تراشیں ،ان کو اعلی نصب العین دیں-