لاہور(کرائم رپورٹر سے)لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے ریلی اور قافلے میں شریک 41 سیاسی کارکنوں اور 32 گاڑیوں کی فہرست مرتب کر کے گرفتاریوں کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،پولیس ذرائع کے مطابق فہرست میں شامل کارکنوں کی 14 سے 16 ستمبر تک کی سرگرمیوں کا ریکارڈ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر گرفتاریوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود بعض سیاسی کارکن مبینہ طور پر ریلی کی سہولت کاری اور کارنر میٹنگز میں مصروف رہے۔ فہرست میں شامل کارکنوں پر 27 ستمبر کو اسلام آباد دھرنے کی مبینہ منصوبہ بندی کا بھی الزام ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق دفعہ 144 کی مبینہ خلاف ورزی کے لیے استعمال ہونے والی 32 گاڑیوں کو ٹریس کرکے بند کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ کارکنوں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔