روایتی طریقوں سے تعلیمی نظام میں بہتری ممکن نہیں‘ پشتونخوا ایس او

February 28, 2024

کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صوبائی آرگنائزر لطیف خان کاکڑ اور آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ روایتی طریقوں سے مزید تعلیمی نظام میں بہتری کی گنجائش نہیں، اس لئےتمام شراکت داروں کو تعلیم جیسے اہم شعبے پر سمجھوتہ نہ کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کا کردار صرف داخلہ مہم تک محدود نہیں رہیگا بلکہ تعلیم کیلئے ضرور ت کے مطابق بجٹ مختص وفراہمی، مختص بجٹ کا صحیح و ایماندارانہ استعمال، موجودہ سکولوں کی فعالیت اور درس و تدریس کی ضروری اشیاء کی فراہمی،نگرانی کا موثر نظام اور معیار پر پورا نہ اترنے والے اساتذہ کیلئے گولڈن ہینڈ شیک کے طرز پر سکیم کا اجراء اور مستقبل کیلئے میرٹ پر تعیناتیاں جیسے اقدامات کیلئے بھر پور جدوجہد کریگی کیونکہ اس کے بغیر تعلیمی ترقی ممکن نہیں۔ پشتونخوا ایس او طلباء کے تعلیمی حقوق کے ساتھ قومی اور جمہوری حقوق کے حصول کیلئے کوشاں ہے اور معاشرے سے جہالت کے اندھیروں کے خاتمے کیلئے پشتونخوانیپ کی سربراہی میں رہنما کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا ایس او نے روایتی طرز کے مقابلے میں جدید دور کی ضروریات کے مطابق جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب داخلہ مہم کے ساتھ ایک مربوط پلان کے تحت تعلیمی ترقی کیلئے ہمہ جہت کاوشیں کی جائینگی تاکہ ایک روشن خیال، ترقی یافتہ، پرامن اور ہر قسم کی استحصال سے پاک معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے ۔ انہوں نے تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف اپنے ضلعوں میں داخلہ مہم کی تشہر اور تبلیغ کیلئے کام کریں بلکہ تعلیمی ترقی کیلئے درکار مذکورہ بالا امور پر بھی غور کرکے اس کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیکر اس پر مرحلہ وار عمل کیلئے پلان تشکیل دیں۔