احمدیوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں، علمائے کرام

March 01, 2024

‎بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) برطانیہ بھر سے مختلف مذہبی تنظیموں کے قائدین اور سینئر علماء کرام نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ احمدی آئین پاکستان کے مطابق غیر مسلم ہیں، اسلام اور مسلمانوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر قانون سے بالاتر ہے، ناموسِ رسول ﷺ کے خلاف اور عقیدہ ختم نبوت کی مخالفت میں ہر تبلیغ و ترویج، نشر و اشاعت پاکستان میں غیرقانونی ہے، آئین کے آرٹیکل 22کا اطلاق احمدیوں پر اُس وقت تک ممکن نہیں جب تک آئین کے فیصلہ کو تسلیم کرکے وہ اپنے آپ کو غیرمسلم گروہ میں شامل کرنے کا اعلان نہ کردیں، احمدی اپنے آپ کو غیرمسلم تسلیم کرلیں، انہیں آئین کے مطابق تمام بنیادی حقوق مل جائیں گے، اعلامیہ میں بزرگ عالم دین رئیس الجامعہ ختم نبوت ایجوکیشن سنٹر برمنگھم اور سیکرٹری جنرل مرکزی جمعیت علماء برطانیہ علامہ صاحبزادہ امداد الحسن نعمانی، عہدیداران بزرگ عالم دین مولانا عبدالرشید ربانی ڈیوزبری، علامہ قاری محمد عباس ہڈرزفیلڈ، مولانا محمد بلال رنگونی، مولانا سید اسد میاں شیرازی، مولانا محمد اکرم اوکاڑوی ہڈرزفیلڈ، سیکرٹری جنرل سواد اعظم اہل سنت والجماعت برطانیہ، مولانا قاری عبدالرشید اولڈہم، مولانا محمد ابراہیم خطیب مدنی مسجد بریڈفورڈ، مولانا حبیب الرحمٰن خطیب سنٹرل مسجد گلاسگو، مولانا ثمیرالدین قاسمی مانچسٹر، علامہ محمد اقبال رنگونی مانچسٹر، سیکرٹری جنرل ختم نبوت فورم یورپ مفتی فیض الرحمٰن مانچسٹر ، مولانا رضاءالحق چیئر مین جامعہ الہدیٰ نوٹنگھم، نائب صدر مرکزی جمعیت علماء برطانیہ مولانا منور احمد محمودی، مانچسٹر و دیگر علماء کرام نے کہا کہ سید لولاک امام الرسل و خاتم الانبیآء ﷺ کی ختم المرسلینی کا تحفظ اور دفاع ختم نبوت میں علماء دین ‎کے ساتھ ساتھ تمام اہل ایمان و ایقان کی بھی ذمہ داری ہے۔ مذہبی جماعتوں کے قائدین نے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت سے درخواست کی کہ وہ مذہبی تنظیموں اور آئینی ماہرین سے رابطہ کر کے لائحہ عمل تیار کریں تاکہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔