فیض ڈے کے حوالے سے تقریب کل مانچسٹر میں ہوگی

March 01, 2024

لیڈز( پ ر) فیض ڈے ہفتہ 2مارچ کو 1بجے مانچسٹر میں ہو گا۔ برطانیہ بھر سے ترقی پسند شاعروں، ادیبوں، سیاسیی و سماجی کارکنوں نے رجسٹریشن کروا لی،فیض ڈے میں فیض احمد فیض کے نظریات، زندگی، ادبی تخلیقات اور سیاسی جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔ سامراجی استحصال اور کمزور ممالک پر مسلط کردہ جنگوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ تقریب میں فیض کے بیروت میں قیام اورفلسطینی عوام کی آزادی کیلئے خدمات پر اظہارِ خیال ہو گا۔ مذہبی اقلیتوں، جنسی اور لسانی بنیادوں پر استحصال کی شکلوں کو اجاگر کیا جائے گا اور فیض کی علمی، ادبی اور صحافتی خدمات اور اپنے خطے کی تہذیبی اور ثقافتی ورثوں کے تحفظ کیلئے آواز اآٹھائی جائے گی۔ 33رکنی فیض ڈے مانچسٹر آرگنائزنگ کمیٹی متحرک ترقی پسند کارکنوں، شاعروں، ادیبوں اور پریس کلب آف پاکستان برطانیہ پر مشتمل ہے کمیٹی نے فیض ڈے مانچسٹر 2024تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ تقریب پاکستان کمیونٹی سینٹر سٹاک پورٹ روڈ مانچسٹر میں ہو گی۔ تقریب کے مین سپیکر نامور ترقی پسند دانشور اور لیورپول یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر ایاز ملک کے علاوہ نامور ترقی پسند دانشور و صحافی ظفر تنویر (فیض اور صحافت)، نامور کالم نویس اور پریزینٹر طلعت گِل (فیض اور خواتین کی سماجی برابری)، ترقی پسند دانشور وقاص بٹ (فیض اور فلسطین کی تحریکِ آزادی)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنما اور انڈین ورکرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر حرسیب بینس (فیض، سامراج اور قومی آزادی کی تحریکیں)، ترقی پسند ادیب اور رہنما ذاکر حسین ایڈووکیٹ (فیض اور محنت کش طبقے کی تحریکیں) اور ترقی پسند ادیب، شاعرہ اور عوامی ورکرز پارٹی کی رہنما نذہت عباس (فیض احمد فیض اور احمد سلیم) پر اظہار خیال کریں گی۔ تقریب کی صدارت پریس کلب آف پاکستان کے صدر چوہدری پرویز مسیح کریں گے، اختتامی کلمات میاں محمد اعظم اور فیض ڈے مانچسٹر آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر محبوب الہی بٹ ادا کریں گے۔ تقریب کا آغاز اور تعارفی کلمات پرویز فتح پیش کریں گے جب کہ نظامت کے فرائض ترقی پسند دانشور اور سابق کونسلر نصراللہ خان مغل اور نذہت عباس سرانجام دیں گے۔ تقریب میں نامور ترقی پسند شاعر صابر رضا، میاں ریاض کھوکھر، شاعرہ ماہ جبین غزل انصاری، شاعر طاہر حفیظ، اور شاعرہ ڈاکٹر طیبہ جیوانی اپنا تازہ انقلابی کلام پیش کریں گے جب کہ نامور ترقی پسند رہنما لالہ محمد یونس اور صابرہ ناہید کلام فیض سنائیں گے۔ تقریب کے آخر میں موسیقی کا پروگرام ہو گا، جِس میں ڈربی شائر سے تعلق رکھنے والے صوفیانہ کلام کے نامور گائیک محمد گلزار اور نامور دانشور و موسیکار محبوب الہی کلام فیض ترنم کے ساتھ گائیں گے اور ان کے ساتھ طبلے پر قیصر مسیح ہوں گے۔ پرویز فتح ممبر آرگنائزنگ کمیٹی فیض ڈے مانچسٹر 2024تقریب کے آخری حصے میں کلامِ فیض صوفیانہ کلام کے نامور گائیک محمد گلزار اور محبوب الٰہی پیش کریں گے۔