بارش کے دوران بعض علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند رہی

April 15, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی میں بارش کے دوران بعض علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند رہی تقریباً تین سو فیڈر بند رہے جسے کے الیکٹرک نے بعد ازاں بحال کیا ،دریں اثنا کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کراچی میں دن بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے دوران بجلی کی فراہمی مستحکم رہی، کےالیکٹرک کی ٹیمیں صورتحال کی نگرانی کرتی رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت سندھ کے اہم محکموں محکمہ موسمیات اور شہر کی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں جبکہ فیلڈ میں موجود ٹیمیں کسی بھی فالٹس کو دور کرنے کے لیے دستیاب رہیں، کے الیکٹرک کے نیٹ ورک کے تقریباً 2100 فیڈرز میں سے 1900سے زائد فیڈرز فعال رہے، جن سے بجلی کی فراہمی مستقل بنیادوں جاری رہی،شہر کے نشیبی علاقوں میں جہاں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہوتا ہے اور جن علاقوں میں کنڈوں کی بہتات ہے، وہاں ہنگامی حفاظتی پروٹوکول کے تحت بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کردی گئی تاہم فیلڈ میں موجود ٹیموں کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد اُن علاقوں میں بجلی بتدریج بحال کردی گئی کے۔ الیکٹرک کے ترجمان نے بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر شہریوں کو حفاظتی تدابیر یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہنے کے لیے بجلی کی تنصیبات سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے اور بارش کے دوران پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کے استعمال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔